کورونا وائرس: فضائی آلودگی اور کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح کے درمیان تعلق
امریکہ میں ہارورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق امریکہ کے اُن علاقوں میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی شرح زیادہ ہے جہاں فضا میں پی ایم 2.5 نامی ذرات کی بڑی مقدار موجود ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے حکام کا کہنا ہے کہ فضا میں آلودگی کی بڑھی ہوئی سطح ایسے افراد کے لیے ایک اضافی خطرہ بن سکتا ہے جو کووڈ 19 سے بری طرح متاثر ہو رہے ہوں۔ ہارورڈ یونیورسٹی سمیت دو تازہ تحقیقوں میں فضائی آلودگی اور کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او میں صحتِ عامہ اور ماحول کے ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ماریہ نیرہ نے کہا کہ وہ ممالک جہاں فضائی آلودگی زیادہ ہے انھیں کووڈ 19 کے خلاف لڑائی کی تیاری میں اِس عنصر کو بھی مددِ نظر رکھنا ہو گا۔ 'ہم لاطینی امریکہ، افریقہ اور ایشیا میں ایسے ممالک کا جائزہ لے رہے ہیں جہاں فضائی آلودگی زیادہ ہے اور ہم وہاں کے حکام کی جانب سے مہیا کیے جانے والے اعداد وشمار کی مدد سے اِن علاقوں میں سب سے زیادہ آلودہ شہروں کا نقشہ بنائیں گے تاکہ وہ اِس کے مطابق حالیہ وبا کے خلاف منصوبہ بندی کر سکیں۔' ط...